بلال یاسین نے حالیہ گندم بحران کی وجہ بتادی

April 30, 2024


پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین نے حالیہ گندم بحران کی وجہ بتادی۔

پنجاب اسمبلی سے خطاب میں بلال یاسین نے کہا کہ گندم کا بحران درآمد کی وجہ سے پیدا ہوا، گندم کی امپورٹ پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ پبلک کریں گے، گندم کی امپورٹ کی مذمت کرتے ہیں، یہ امپورٹ نہیں ہونی چاہیے تھی، اس وقت گندم خریداری کی پالیسی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خوراک پنجاب نے مزید کہا کہ آج گندم کا جو مسئلہ ہے وہ گندم کی درآمد کے باعث ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 کروڑ 23 لاکھ ٹن گندم کاشت کی جاتی ہے، محکمہ خوراک 2 ملین میٹرک ٹن کی خریداری کرتا ہے۔

بلال یاسین نے یہ بھی کہا کہ ایک ملین میٹرک ٹن خریداری پر 100 ارب روپے کا قرض لیناپڑتا ہے، گندم کو 2 سیزن ذخیرہ کیا جائے تو اس پر 80 ارب روپے کے اخراجات آتے ہیں۔