ہماری حکومت فیض آباد دھرنا کیس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرواسکی، عرفان صدیقی کا اعتراف

April 30, 2024

ن لیگی سینیٹر عرفان صدیقی نے اعتراف کیا ہے کہ اُن کی حکومت فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کرواسکی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں تحریک انصاف کے علی محمد خان اور ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی نے شرکت کی۔

اس موقع پر پروگرام کے میزبان حامد میر نے علی محمد خان سے سوال کیا کہ کیا فیض حمید آج بھی پی ٹی آئی کو مشورے دیتے ہیں؟

جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کسی کا کوئی ذاتی تعلق ہو تو وہ اس پر بات نہیں کرتے، میرے خیال میں آئین کی عمل داری ہونی چاہیے۔

ن لیگی سینیٹر نے اعتراف کیا کہ ان کی حکومت فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کروا سکی اور آئندہ بھی اس فیصلے پر عمل نہیں کرواسکے گی۔