غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کا احترام کیا جائے، لیبر کونسلرز بولٹن

May 01, 2024

گریٹر مانچسٹر/ بولٹن( نمائندہ جنگ) بولٹن سے لیبر پارٹی کے کونسلر اور کونسل کابینہ کے رکن راجہ خرم رؤف نے خاتون امیدوار فضیلہ راجہ کی انتخابی مہم کے دوران اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے تاریخ کے بد ترین مظالم کے خلاف برہمی کا اظہار کرتے ہوئےاقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہوں سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت بین الاقوامی قوانین کی زمہ داریوں کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں خوراک، پانی، ادویات اور ایندھن لے جانے کی اجازت دی جانی چاہئے تاکہ محصور آبادی کی مدد کی جا سکے ۔ اس حوالے سے مسلم پس منظر سے تعلق رکھنے والے بولٹن سے لیبر پارٹی کے پانچ کونسلرز نے غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے ایک خط پر دستخط کئے ہیں ۔دو کابینہ ارکان سمیت کونسلرز نے لیبر لیڈر کیئر سٹارمر اور ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر کو تحریری طور پر ملک بھر میں مسلم کمیونٹی کے 250سے زائد لیبر کونسلرز کی فہرست میں شمولیت اختیار کی ہے۔ بولٹن کونسل کی کلچر کیبنٹ کے رکن ندیم ایوب، ہیلی ویل کے کونسلر صفوان پٹیل ، رم ورتھ کے کونسلر عبدالعطا اور کونسلر ساجد علی نے بھی اپنے نام پیش کئے ہیں اور تمام کونسلرز نے غزہ میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی شہادتوں کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت اور تمام فریقوں سے فوری جنگ بندی کیلئے اپناکردار ادا کرنے کیلئے کہا ہے تاکہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر ظلم کا سلسلہ بند ہو سکے اور دنیا بھر میں بسنے والی تمام کمیونٹیز سُکھ کا سانس لے سکیں۔