نقیب اللّٰہ قتل کیس، اہم گواہ و عینی شاہد اپنے بیان سے منحرف ہوگیا

May 01, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نقیب اللہ قتل کیس میں اہم گواہ و عینی شاہد اپنے بیان سے منحرف ہوگیا،تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں وکیل صفائی کی جانب سے گواہ کے بیان پر جرح سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا،کیس کی سماعت پر گواہ ہیڈ کانسٹیبل راجا جہانگیر نے اپنی گواہی میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت اور شعیب شوٹر سمیت 7 ملزمان کو شناخت کرنے سے انکار کردیا، گواہ نے بیان دیا کہ مجھ سے زبردستی بیان لیا گیا ، اعلیٰ حکام کے دباؤ پر پولیس کے تحریری بیان پر دستخط کئے تھے، گواہ کے منحرف ہونے پر پراسیکیوشن نے گواہ کا نام واپس لینے کی استدعا کردی، پراسیکیوشن کی جانب سے موقف دیا گیا کہ ہم گواہ راجا جہانگیر کا نام واپس لینا چاہتے ہیں، وکیل صفائی نے گواہ کا نام واپس لینے پر اعتراض کیا اور موقف دیا کہ گواہ کا نام واپس نہیں لیا جاسکتا، گواہ کے بیان پر جرح کرنے کی ہدایت دی جائے، ملزمان سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت، شعیب شوٹر، گدا حسین، صداقت حسین، ریاض احمد ، راجا شمیم اور محسن عباس کو پیش کیا گیا، عدالت نے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے سماعت 4 مئی تک ملتوی کردی، استغاثہ کے مطابق مقدمہ میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکاروں کو بری کیا جاچکا ہے۔