گیس کی اوسط لاگت کا نفاذ، گھریلو صارفین کے اوسط ٹیرف بڑھ جائینگے

May 01, 2024

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) گیس کی اوسط لاگت کا نفاذ، گھریلو صارفین کے اوسط ٹیرف بڑھ جائینگے ، بجلی، صنعتی اور کمرشل کیلئے گیس کے نرخ میں 25 فیصد کمی، بجلی نرخ 1.80 روپے فی یونٹ کم ہونیکا امکان۔ تفصیلات کے مطابق درآمدی آر ایل این جی اور مقامی قدرتی گیس کو ملا کر گیس ٹیرف میں گیس کی اوسط لاگت (ڈبلیو اے سی او جی) کا نفاذ سے گھریلو صارفین کے اوسط ٹیرف میں 91 فیصد سے زائد اضافہ ہو جائے گا جو موجودہ اوسط ٹیرف 1200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے 2300 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔ تاہم بجلی، صنعتی بشمول کھاد، اور تجارتی شعبوں کے لیے گیس کے نرخوں میں 25 فیصد کمی کا تخمینہ ہے ۔ یہ اعداد و شمار ابھی مزید پختہ ہونا باقی ہیں۔ وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام نے دی نیوز کو بتایا کہ ڈبلیو اے سی او جی کے نفاذ کی صورت میں پاور سیکٹر کو ملاوٹ شدہ گیس کی فراہمی کے نتیجے میں 25 فیصد کمی کی وجہ سے بجلی کے نرخ 1.80 روپے فی یونٹ تک گر جائیں گے۔