موجودہ پارلیمنٹ نے پہلا قانون ٹیکس اصلاحات کے بارے میں پاس کیا: اعظم نذیر تارڑ

May 01, 2024

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ ----فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ نے اپنا پہلا قانون پاس کیا جو کہ ٹیکس اصلاحات کے بارے میں ہے۔

اسلام آباد میں اولڈ راوین ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2700 ارب روپے کی محصولات اسٹے آرڈرز کی وجہ سے رکے ہوئے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم نے ذمے داری سونپی کہ ٹربیونلز اور اپیل کا نظام اور اس کے بعد ریفرنس کے فیصلوں کے نظام میں ریفارم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد اور ملکی معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے یہ قانون پارلیمنٹ نے پاس کیا، قانون کے تحت وزیرِ اعظم نے اپنے تمام اختیارات چھوڑتے ہوئے اپوائنٹمنٹس اب اوپن کمپیٹیشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیرِ قانون کا کہنا ہے کہ کمشنر ان لینڈ ریونیو (ایڈجوڈیکیشن)، جوڈیشل اور اکاؤنٹنگ ممبرز اب اوپن کمپیٹیشن کے ذریعے اپوائنٹ ہوں گے، ایک انڈیپنڈنٹ سلیکشن کمیٹی تعیناتی کرے گی تاکہ میرٹ کو برقرار رکھا جائے۔