کراچی اسٹریٹ کرائم، کچے میں ڈاکو قابو کرنے کیلئے صدر زرداری نے آج اجلاس بلا لیا

May 01, 2024

صدرِ مملکت آصف علی زرداری—فائل فوٹو

کراچی میں بے لگام اسٹریٹ کرائمز اور سندھ کے کچے میں ڈاکو راج کو قابو کرنے کا بیڑا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خود اٹھا لیا۔

سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر آج 4 بجے بلاول ہاؤس میں اجلاس بُلا لیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، آئی جی پولیس کے ساتھ انٹیلی جنس حکام بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان سے متعلق صورتِ حال پر اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیکیورٹی صورتِ حال اور امن و امان سمیت دیگر امور پر گفتگو کی جائے گی۔

کراچی میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ میں 66 شہریوں کو ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا جا چکا ہے۔

گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد اور شکار پور کے کچے کے ڈاکو 200 سے زائد افراد کو اغواء کر چکے ہیں جبکہ 15 سے زائد افراد کو قتل کر چکے ہیں۔

پولیس کو اب تک کئی آپریشنز کے باوجود کچے کے ڈاکوؤں کےخلاف کامیابی نہیں مل سکی ہے۔