حکومت نے پیٹرول پر 5 روپے کم کیے، عالمی منڈی میں 7 ڈالرز فی بیرل کم ہوئے: حافظ نعیم الرحمٰن

May 01, 2024

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن—فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرول پر 5 روپے کمی کی، جبکہ عالمی منڈی میں 7 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے۔

منصورہ لاہور میں عالمی یومِ مزدور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ عالمی مارکیٹ ریکارڈ توڑ رہی ہے تو پھر اس کا فائدہ پاکستانی عوام کو کیوں نہیں ہو رہا؟

ان کا کہنا ہے کہ مزدوروں کا حق کھا کر میڈیا پر بیان دینے والی حکومتیں سمجھتی ہیں مزدوروں کا حق ادا کر دیا، سچی بات یہ ہے کہ ان حکومتوں کو مزدوروں کے حقوق کا احساس ہی نہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ مہذب دنیا میں مزدوروں کا حق دیا جاتا ہے ان کا تحفظ کیا جاتا ہے، موجودہ حکمرانوں کو پتہ ہی نہیں کہ مزدور بیمار پڑ جائے تو اس کے گھر کا کیا عالم ہو گا۔

امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ نظام لوگوں کو سہولتیں دینے کے بجائے منشیات کا عادی بنا دیتا ہے، مزدور کے ساتھ متوسط طبقہ بھی پس رہا ہے صرف ایک طبقہ فائدہ لے رہا ہے۔