شمالی لندن، 14 سالہ لڑکے کو ہلاک، 4 افراد کو زخمی کرنے والا حملہ آور زیرعلاج

May 02, 2024

لندن (سعید نیازی)شمالی لندن میں 14سالہ لڑکے کو ہلاک اور چار افراد کو زخمی کرنے والا حملہ آورزیرعلاج ہے،فی الحال پولیس تفتیش کرنے سے قاصر ہے،خاتون افسرکے ہاتھ کی سرجری کردی گئی،مقتول طالب علم کے اسکول کاپرچم سرنگوں کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شمال مشرقی لندن کے علاقے ہینالٹ میں منگل کی صبح تلوار سے حملہ کرکے 14 سالہ لڑکے کو ہلاک اور چار افراد کو زخمی کرنے والا36سالہ شخص بدستور ہسپتال میں ہے اور اس کی حالت کے سبب پولیس افسران اب تک اس سے تفتیش نہیں کر سکے ہیں، میٹ پولیس کے سربراہ سرمارک رولی کے مطابق حملے کے نتیجہ میں دو پولیس افسران کو شدید زخم آئے ہیں۔ بدھ کو یہ خبر بھی سامنے آئی کہ حملے میں زخمی ہونے والا 14 سالہ طالبعلم ووڈ فورڈ گرین میں واقع اسی بین کرافٹ انڈی پینڈنٹ ڈے اسکول میں زیر تعلیم تھا جہاں گریس اومیلی کمار بھی پڑھتا تھا جسے گزشتہ دنوں نوٹنگھم میں چاقو مار کر قتل کر دیا گیا تھا، وہ نوٹنگھم میں یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔ اسکول نے گزشتہ روز پیش آئے واقعہ کے بعد اسکول پر لہراتا اپنا پرچم سرنگوں کر دیا ہے۔ مقتول لڑکے کے خاندان کے افراد کو خصوصی تربیت یافتہ افسران معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ میٹ پولیس کمشنر سارمارک رولی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ مقتول کے والدین کے بارے میں سوچ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پولیس 12 منٹ میں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھی اور 22 منٹ میں حملہ آور قابو کر لیا تھا۔ حملہ آور کو قابو کرنے کیلئے پہلے پہنچنے والے دو افسران شدید زخمی ہوئے ہیں۔ خاتون افسر کے ہاتھ کی کئی گھنٹوں تک سرجری ہوئی ہے اور یہ خدشہ بھی تھا کہ وہ اپنا ہاتھ کھو دیں، اسے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں کئی برس بھی لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ پولیس خطرے کی طرف بھاگتی ہے لیکن آپ کے پاس ایسے افسران بھی موجودہیں جو اس شخص کی طرف بھی بھاگتے ہیں جو تلوار لہرا رہا ہو۔نوٹنگھم میں قتل ہونے والے طالبعلم اومیلی کمار کے والدین نے گزشتہ روز جان گنوانے والے طالبعلم کے والدین سے رابطہ کرکے ان سے تعزیت بھی کی ہے۔ پولیس اب بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے اور قریبی ٹیوب اسٹیشن ہینالٹ انڈر گرائونڈ اسٹیشن بھی بند ہے۔ جائے حادثے کے قریب موجود دو بسیں بھی وہیں موجود ہیں۔ پولیس نے گزشتہ روز وضاحت کی تھی کہ اس واقعہ کا دہشت گردی سے تعلق نہیں اور وہ اس واقعہ کے حوالے سے کسی دوسرے شخص کو تلاش نہیں کر رہے۔ دریں اثنا پولیس نے لندن میں تلوار کے حملے میں ہلاک ہونے والے 14 سالہ لڑکا کا نام بدھ کو ظاہر کردیا، پولیس کے مطابق مقتول لڑکے کا نام ڈینیل انجورن ہے۔