ڈسٹرکٹ بریڈ فورڈ اور سٹیفورڈ کونسل کے 5 لاکھ سے زائد ووٹرز آج ووٹ ڈالیں گے

May 02, 2024

بریڈفورڈ/ سٹیفورڈ (محمد رجاسب مغل /مریم فیصل) ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں الیکشن مہم ختم ہوگئی ۔آج جمعرات 2 مئی کو ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ کے افراد اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ پولنگ صبح سات بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹر کو اپنی شناخت دکھانا لازمی ہو گا، بریڈ فورڈ ڈسٹرکٹ میں تقریباً 375,000لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں، تقریباً 87,500لوگ ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالیں گے، ضلع بھر میں 242پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 3مئی بروز جمعہ دن کو سیڈبرگ اسپورٹس اینڈ لیثرر سنٹر اورکیتھلے لیثررسینٹر میں ہوگی جبکہ ویسٹ یارکشائرمیئر شپ کے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی 4مئی بروز ہفتہ کو ہو گی۔ بریڈفورڈ میں تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے جلسوں ،کارنر میٹنگز ڈور ٹو ڈور اور سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی ۔ووٹروں کو مقامی مسائل کے حل اور فلسطین کیلئے آواز اٹھانے کی یقین دہانیاں کرائی گئیں ۔علاوہ ازیں آج سٹیفورڈ کے رہائشی بارو کونسل کے انتخابات کیلئےاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان انتخابات میں ووٹرز اپنی کائونٹی کیلئے پولیس ،فائر اور کرائم کمشنر کے انتخاب کیلئے ووٹ کر سکیں 136000آبادی پر مشتمل سٹیفورڈ میں 2021کی مردم شماری کے مطابق 1400 مسلم کمیونٹی کے ممبرز بھی آباد ہیں جن میں پاکستانی کمیونٹی کے ممبر بھی شامل ہیں۔ ان میں سے اکثریت ڈاکٹرز اور انجینئرز ہیں جو مقامی طور پر یا پھر سٹیفورڈ کے ارد گرد کے دوسرے ٹائونز میں ملازمت کرتے ہیں ۔ سٹیفورڈ کو39 وارڈز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سٹیفورڈ کیلئے تین سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدوار انتخابات کیلئے کھڑے کئے ہیں جن میں حکمراں جماعت کنزرویٹو کے امیدوار کے علاوہ لیبر اور لیبرل ڈیمو کریٹس نے اپنا ایک ایک امیدوار مقابلے کیلئے کھڑا کیا ہے۔ ووٹرز کے لئے 59پولنگ اسٹیشنز مقامی چرچز، کمیونٹی سینٹر ،کلبس اور انسٹی ٹیوٹس میں بنائے گئے ہیں۔ ہر ووٹر کو پولنگ کارڈ دو ماہ پہلے ہی پوسٹ کر دیئے گئے تھے، ووٹرز اپنا ووٹ پولنگ اسٹیشن میں جاکر کاسٹ کر سکتے ہیں اس کے علاوہ پوسٹ کے ذریعے بھی ووٹ کاسٹ کیا جا سکتا ہے، پولنگ اسٹیشنز میں جاکر ووٹ کاسٹ کرنے والے ووٹر کیلئے لازمی ہو گا کہ وہ اپنی فوٹو آئی ڈی ضرور ساتھ لائے اس کے بغیر انھیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا جائے گا، ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے ہوگا اور رات دس بجے تک جاری رہے گا۔