سپر ہائی وے پر تیز رفتار کار ڈمپر سے ٹکرا گئی، ایک نوجوان جاں بحق، 4 زخمی

May 02, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب تیز رفتار کار سڑک کے کنارے کھڑے ڈمپر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور 4افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پانچوں دوست جمیل میمن سوسائٹی سے قربانی کے لیے جانور دیکھ کر واپس آرہے تھے،جاں بحق ہونے وا لے 28 سالہ نعمان ولد امین کی سات ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور وہ اپنی بیوہ ماں کی اکلوتی اولاد تھا، متوفی کے والد زمینوں کی خرید و فروخت کا کام کرتے تھے جنہیں 3سال قبل سرجانی ٹائون سے واپسی پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا ، زخمیوں میں 24 سالہ اویس ولد رشید ، 25سالہ احمد مجتبیٰ ولد عمران ، 20 سالہ خزیمہ ولد نعمان اور 22 سالہ احمد ولد ناصر شامل ہیں، 2نوجوانوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، علاوہ ازیں نیا گولیمار امام بارگاہ کے قریب فٹ پاتھ سے 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ، کورنگی بلال کالونی بنگالی مارکیٹ گلی نمبر 4 میں واقع ایک گھر سے 30 برس کے شخص کی لاش ملی ، تعفن اٹھنے کی اطلاع پر پولیس موقع پرپہنچی اور لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا ،لاش چار سے پانچ روز پرانی بتائی جاتی ہے، صدر جہانگیر پارک اقصیٰ مسجد کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لا ش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کی کیا گیا،متوفی کی عمر 40 برس کے قریب ہے۔