ڈاکوؤں نے 21 لاکھ لوٹ لئے، فائرنگ سے دو افراد زخمی، 6 گاڑیاں، 20 موٹرسائیکل غائب

May 02, 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 4گاڑیوں 13موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ، موبائل فونز،نقدی اور دیگراشیاء سے محروم ہو گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں 30وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ دو کاریں اور چھ موٹر سائیکل اڑا لئے گئے۔ ایک موٹر سائیکل پانچ موبائل اسلحہ کی نوک پر جبکہ 12 موبائل جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔ تھانہ سبزی منڈی کے علاقے گندم گودام کے قریب رقم بنک جمع کروانے کیلئے جانے والے شاہد محمود بٹ اور اس منشی محمد وسیم کو گاڑی میں گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا اور تین مسلح افراد پونے 21 لاکھ روپے کی رقم لے کرچلتے بنے۔ تھانہ شالیمار کے علاقے ایف الیون ون میں راجہ سیام قمر کے گھرسے ملازمہ 12لاکھ روپے مالیت کی ہیرے کی انگوٹھی اور ڈاکٹر جہانزیب درانی کےگھر سے ملازمہ دو لاکھ روپے لے کر چلتی بنی ۔تھانہ آراے بازار کے علاقہ ہارلے سٹریٹ میں میجر صبیحہ آفریدی اپنے بچوں کو سکول سے پک کرنے گئیں تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے انہیں روک لیا اور بچی کو گولی مارنے کی دھمکی دے کر 2 کنگن (3 تولہ) او 2رنگ وزنی 2تولہ اتروا کرفرارہوگئے ۔ٹاپ سٹی ون میں رمیض راشد کے گھرکے تالے توڑ کر 3لاکھ روپے یورو 29ہزار 800 اور سونا مالیتی 11لاکھ 50ہزار روپے،ائرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں فاروق احمد کے گھرکے لاکرزتوڑ کر 2 لاکھ روپے اور سونا مالیتی 15لاکھ روپے اڑا لئے گئے۔