متحدہ عرب امارات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش

May 02, 2024


متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی اور ابوظبی سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

دبئی کی اہم شاہراہوں پر بارش کے پانی کے نکاس کیلئے متعدد ٹینکرز اور موٹرز نصب کی گئی ہیں جبکہ پانی کے ساتھ مٹی اور ریت کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پولی تھین بیگز سے خصوصی روکاٹیں بنائی گئی ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

دبئی حکومت نے 2 اور 3 مئی کو تعلیمی ادارے بند رکھنے اور کلاسز آن لائن رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات دو ہفتے پہلے بھی شدید بارش سے متاثر ہوچکا ہے۔