منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اسکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

May 02, 2024

فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے 31 ویں اجلاس میں منشیات سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے ادارے قائم کیے جائیں، نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ دیگر صوبوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر آپریشن تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اجلاس گزشتہ ایپکس کمیٹی کا تسلسل ہے، صدرِ مملکت نے امن و امان پر گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس کیا، انہوں نے کچے میں ڈاکوؤں کے سہولتکاروں کو بھی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے منشیات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت دی، انہوں نے زمینوں پر قبضوں کو ناقابل برداشت قرار دیا، صدر مملکت کے احکامات پر سندھ حکومت مکمل عمل کرے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں امن کی بحالی کے لیے سخت اقدامات کر رہی ہے، اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تاوان کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی ہے، سندھ حکومت ڈرگ مافیا اور اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کام کر رہی ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس شرجیل انعام میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ساتھ کوآرڈینیشن میں ہیں، منشیات کے کاروبار میں ایک نائیجیرین کو گرفتار کیا گیا، حیدرآباد میں کریک ڈاؤن میں 3 منشیات فروش مقابلے میں مارے گئے۔

شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ منشیات کے کاروبار سے متعلق 164 مقدمات درج کیے گئے اور 166 گرفتاریاں ہوئی ہیں، کریک ڈاؤن میں 4.3 کلو ہیروئن، 419.472 کلو چرس اور 1200 کلو بھنگ برآمد کی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کور کمانڈر کراچی نے کہا کہ منشیات کے خلاف آپریشن میں سندھ حکومت کی بھرپور مدد کی جائے گی۔