مریم نواز سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات

May 02, 2024

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔

امریکی سفیر نے عوام دوست پراجیکٹس پر تیزی سے عمل کرانے پر وزیرِ اعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں دلچسپی قابل ستائش ہے۔

ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ امریکا غربت کے خاتمے، اقتصادی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پنجاب میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ماحول فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت، صنعت اور آئی ٹی شعبے میں امریکا کے اشتراک کا خیرمقدم کریں گے، پنجاب میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے، پاکستان کو معاشی بحران سے ایک مستحکم حکومت ہی نکال سکتی ہے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیوں سے مہنگائی میں کمی آ رہی ہے، عوام کو معیاری تعلیم، صحت، سستی روٹی فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی، عوام کو بنیادی حقوق اور ضروریات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔