امریکا کے امیر ترین قیدی کی مجموعی مالیت کتنی ہے؟

May 02, 2024

بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ ـــ فائل فوٹو

دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو کرنسی ایکسچینج نیٹ ورک بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو رواں ہفتے کے آغاز میں چار ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کرپٹو کرنسی ایکسچینج کے 47 سالہ سابق سی ای او کو سیٹل میں امریکا کے اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔

بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق کرپٹو انڈسٹری کی سب سے زیادہ طاقتور شخصیت چانگ پینگ ژاؤ امریکا اور ممکنہ طور پر دنیا کے سب سے امیر ترین قیدی ہیں جن کی مجموعی مالیت 43 ارب ڈالر ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چانگ پینگ ژاؤ کی دولت میں مزید اضافہ متوقع ہے جبکہ وہ ابھی قید میں ہیں۔

بائنانس کے سی ای او کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے باوجود بھی چانگ پینگ ژاؤ کمپنی میں تقریباً 90 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں مبینہ طور پر ان کے بہت سے قریبی دوست شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چانگ پینگ ژاؤ ایف ٹی ایکس کے سیم بینک مین فرائیڈ کے بعد سزا پانے والے کرپٹو کی دنیا کی دوسرے نامور شخص ہیں۔

چانگ پینگ ژاؤ کو امریکی ڈسٹرکٹ جج رچرڈ جونز کی بدولت استغاثہ کی طلب سے کم سزا سنائی گئی۔

سزا وفاقی رہنما خطوط کے تحت تجویز کردہ زیادہ سے زیادہ ایک سے ڈیڑھ سال سے کم ہے۔