حکومت کا ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کا فیصلہ

May 02, 2024


وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت جلد نئی ڈیجیٹل اتھارٹی کے قیام کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے ملاقات کی وزیراعظم نے دونوں وفاقی وزراء سے ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ پر بل لانے پر مشاورت کی، قانون سازی کے لیے مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ڈیجیٹل رائٹس کی خلاف ورزی روکنے کے لیے موزوں فورم نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے، خواتین کی ہراسانی، بچوں کے استحصال کی روک تھام اور ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لیے کوئی قانون یا میکنزم بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی مہارت نہیں کہ وہ سائبر کرائم یا ڈیجیٹل رائٹ کا تحفظ کرے، اس سلسلے میں میڈیا اور سول سوسائٹی سے تجاویز طلب کی ہیں۔