خیبر پختونخوا: مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری

May 02, 2024

سی ٹی ڈی: فوٹو فائل

کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نے رواں سال کے 4 ماہ کے دوران مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی، جس میں 11 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے نام اور تصاویر شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق لکی مروت سے 5، بنوں 4، شانگلہ 1 اور سین تنگہ جانی خیل سے ایک دہشت گرد شامل ہے، مطلوب 11 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت 1 کروڑ 31 لاکھ روپے مقرر ہے۔

فہرست میں لکی مروت کے دہشتگرد حبیب اللّٰہ عرف سیف اللّٰہ کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، بنوں سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد محمد جمیل کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق لکی مروت کے محمد گل عرف ساقی کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر ہے، بنوں سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد زابد اللّٰہ عرف چگ کے سر کی قیمت 10 لاکھ مقرر کی گئی۔

سی ٹی ڈی نے گزشتہ سال مطلوب دہشت گردوں کی 3 فہرستیں جاری کی تھی، گزشتہ سال سی ٹی ڈی نے 294 مطلوب دہشت گردوں کی سروں کی قیمت مقرر کی تھی۔

خیبر پختونخوا سی ٹی ڈی نے اب تک 305 مطلوب دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی، حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کیا گیا۔