مہنگائی میں کمی عوام کیلئے اچھی خبر ہے، وزیراعظم

May 02, 2024


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی عوام کیلئے اچھی خبر ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اولین ہدف ہے، معاشی سرگرمیوں میں تیزی سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، صوبائی حکومتوں کو اشیائے خور و نوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2 سال میں مہنگائی کا کم ترین سطح پر آنا معاشی بہتری کے آثار ہیں، مہنگائی کی شرح 39 فیصد سے پہلے 20 فیصد اور اب 17 فیصد پر آگئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ جو محنت کی نگراں حکومت نے اُسے جاری رکھا، یہ اسی کے ثمرات ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے بھی عوام کو ریلیف ملے گا، سر توڑ کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو جلد سے جلد زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔