سندھ کی ترقی کے لیے ساری جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان

May 03, 2024

فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤںمصطفیٰ کمال اور فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سیاسی پارٹیوں سے بات کرنے پر یقین رکھتے ہیں، سندھ کی ترقی کے لیے ساری جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔

کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم آصف زرداری سے مل کر پلاٹ الاٹ نہیں کروانے گئے تھے، لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے تو ہر اس دروازے پر جائیں گے جن کے پاس اختیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم سے ووٹ مانگا تھا، ہم نے آصف زرداری کو صدر کے لیے ووٹ دیا، ہم ان کے پاس لوگوں کے لیے گئے تھے، ہمیں اچھا ریسپانس ملا۔

اس موقع پرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ صدر مملکت سے ملاقات میں بتایا کہ کراچی میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہیں، گورنر سندھ سے ملاقات میں بھی یہی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں دو بڑی لسانی اکائیاں ہیں انہیں آپس میں جوڑنا ہے، سندھ میں استحکام کے لیے دو جماعتوں کو ملنا پڑے گا۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے دوران نوجوانوں کو قتل کیا گیا، صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی بنے گی تو اس میں تمام معاملات رکھیں گے۔