رفاہی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں، الاٹمنٹ سمیت لیز منسوخ کرنے کی ہدایت

May 03, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے رفاہی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں خصوصاً کمرشل ادارے چلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے، ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے الاٹمنٹ سمیت لیز کو منسوخ کردیا جائے گا، نادہند کو آخری بار تنبیہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر ادارہ ترقیات کراچی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوک سینٹرمیں ایک اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا ، ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی، کمرشل اور صنعتی پلاٹوں کے مالکان کو بقایاجات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز کے ذریعے باور کرایا جائے، واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندہ الاٹیز کے پلاٹس منسوخ کا عمل مرحلہ وار شروع کیا جائے ، کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹاؤن شپس میں رفاہی پلاٹوں کا سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، انہوں نے تمام اسکیموں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کا سروے کرکے نشاندہی کی جائے تاکہ سرکاری اراضیوں کو نیلام کیا جاسکے، ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے کی ایسی نرسریاں جن کاادارہ سے معاہدہ ختم ہوچکا ہے اس کے باوجود قائم ہیں ان کو سرکاری تحویل میں لیا جائے۔