راہول گاندھی اپنی خاندانی میراث کھو چکے ہیں، انہیں اتنی اہمیت دینے کی ضرورت نہیں : اسمرتی ایرانی

May 04, 2024

---- فائل فوٹو

سابقہ بھارتی اداکارہ اور موجودہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کا کہنا ہے کہ کانگریس رہنما راہول گاندھی اپنی خاندانی میراث کھو چکے ہیں، انہیں اتنی اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسمرتی ایرانی نے اپنے حریف راہول گاندھی کو لوک سبھا کے انتخابات میں اتر پردیش کے علاقے امیٹھی سے کاغذ نامزدگی جمع نہ کروانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔

دوران انٹرویو میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے انتخابات میں کانگریس رہنما راہول گاندھی، جنہیں انہوں نے 2019 میں شکست دی تھی، رواں سال ان کے خلاف کھڑے نہیں ہو رہے بلکہ وہ رائے بریلی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے راہول گاندھی کو امیٹھی سے کھڑا نہ کرکے اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں سے 79 سیٹیں بی جے پی کو دے دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی 2019 کے انتخابات میں بھی مجھ سے ہارے تھے، اور اگر اس بار میرے مخالف کھڑے ہوتے تو بھی ہار جاتے اس لیے ان کی پارٹی نے میرے مخالف انہیں کھڑا نہیں کیا۔

انہوں نے میزبان کے بار بار اصرار پر کہا کہ میں اپنے بلبوتے پر عوام کی خدمات کرکے یہاں تک پہنچی ہوں راہول گاندھی کی طرح سیاسی خاندان سے تعلق نہیں ہے۔ وہ اپنی خاندانی میراث بھی کھو چکے ہیں۔

اسمرتی ایرانی کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ ایک عام بی جے پی کارکن نے گاندھی خاندان کی چھٹی کر دی ہے، رائے بریلی کی واحد سیٹ تھی جو کانگریس نے 2019 میں اتر پردیش سے جیتی تھی۔ اس لیے آپ راہول گاندھی کو اتنی اہمیت نہیں دیجئے۔