کمیونٹی کو لوٹن میں سیاسی تبدیلی لانا ہوگی، کونسلر راجہ محمد اسلم خان

May 05, 2024

لوٹن ( نمائندہ جنگ) سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل اور کنزرویٹو پارٹی کونسل اپوزیشن لیڈر کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر اپنے بچوں کے مستقبل کو سنوارنا ہے تو پھر کمیونٹی کو لوٹن میں سیاسی تبدیلی لانے کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ لوٹن میں کئی بار لیبر پارٹی کو مقامی کونسل میں اقتدار کا موقع ملا مگر ہماری کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے۔ اس لیے بہتر رہے گا کہ کنزرویٹو پارٹی جس نے برطانیہ کو ترقی کی نئی شاہراہ پر ڈال دیا ہے اس میں زیادہ سے زیادہ شمولیت اختیار کرکے لوٹن کونسل اور پارلیمانی حلقوں میں بھی تبدیلی کی بنیاد رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بیڈفورڈ شائر کے حالیہ پولیس اینڈ کرائم کمشنر کے انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کے امیدوار اگرچہ اپنی نشست برقرار نہیں رکھ سکے مگر انہوں نے لیبر پارٹی کے امیدوار کا بھرپور مقابلہ کیا ہے۔ راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ اگر کنزرویٹو پارٹی لوٹن سے اپنی کمیونٹی کے کسی فرد کو پارلیمنٹ کے الیکشن کا موقع دیتی ہے تو کمیونٹی کو اپنی آواز پارلیمنٹ اور پالیسی سازوں تک پہنچانے کے لیے سیاسی بصیرت کا ثبوت دینا ہوگا۔ اسی طرح میزبان کمیونٹی اور دیگر اقلیتی برادریوں کو بھی چاہیے کہ وہ بھی لوٹن سے پاکستانی کشمیری کمیونٹی کو لوٹن سے پارلیمنٹ میں پہنچنے کا موقع دے تاکہ پاکستانی کشمیری کمیونٹی کی محرومیوں کو دور کرنے میں مدد مل سکے اور اس کمیونٹی کی نمائندگی میں اضافہ ہو سکے۔راجہ محمد اسلم خان نے مزید کہا کہ لوٹن میں نہ صرف پاکستانی کشمیری بلکہ بنگلہ دیشی ، آئرش، ایفروکریبین اور میزبان کمیونٹی سب لیبر کے ادوار میں پسماندہ چلی آر ہی ہیں اب سب کمیونٹیز کو مل کر تبدیلی کے ایجنڈے کا ساتھ دینا ہوگا ۔