رشی سوناک فوری عام انتخابات کا اعلان کریں، دوبارہ منتخب ہونا میرے لیے اعزاز ہے، نفرت کے مقابلے میں امید جیت گئی، صادق خان کا فتح کے بعد خطاب، وزیراعظم پاکستان کی مبارک باد

May 06, 2024

لندن، کراچی ( سعید نیازی ، شہزاد علی، خبر ایجنسی) پاکستانی بس ڈرائیور کا بیٹا تیسری مرتبہ لندن کا مئیر بن گیا صادق خان نے مئیر لندن بننے کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔ اپنی مدمقابل سوزین ہال سے 276,000کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی انہیں کل ووٹ کا 44 فیصد حصہ ملا ہے۔ مئیر منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے رشی سوناک سے ملک میں نئے عام الیکشن کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ صادق خان، غزہ میں فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف اپنے پارٹی پالیسی کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھانے والوں میں شامل تھے ۔صادق خان نے فری اسکول میلز، کرائے منجمند کرنے اور پولیس افسران کی تعداد بڑھانے اور مزید کونسل گھر بنانے کے وعدے کئے۔لیبر پارٹی کے لیڈر سر کئیر اسٹارمر نے گزشتہ روز ہی صادق خان کی جیت کا اظہار کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ صادق خان نے بطور مئیر اپنے دونوں ادوار میں کام کرکے دکھایا ہے ۔واضح رہے کہ صادق خان پہلی مرتبہ 2016 میں کنزوریٹیو پارٹی کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ کو شکست دے کر لندن کے مئیر منتخب ہوئے تھے۔مئیر بننے سے پہلے صادق خان نے 2005 سے 2016 تک رکن پارلیمنٹ کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔ لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں پیدا ہونے والے صادق خان یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کی صادق خان نے سیاست کا آغاز ونزورتھ کونسل کا کونسلر بن کر کیا بطور مئیر لندن صادق خان نے “ہوپر” کی منفرد اسکیم متعارف کرائی ہوپر اسکیم کے تحت ایک گھنٹے تک مسافر جتنی چاہیں بس اور ٹرام تبدیل کرسکتے ہیں۔ صادق خان نے لندن کی فضا کو بہتر بنانے کیلئے الٹر لو ایمیشن زون کی متنازع اسکیم بھی متعارف کرائی ۔مئیر لندن شہر کے 20 بلین پاؤنڈ سے ذائد کے بجٹ کا زمہ دار ہوتا ہے، فتح حاصل کرنے بعد صادق خان کا مزید کہنا گیا کہ وہ ووٹرز کا تہہ دل سے شکرگزار ہو ں ان کی تقریر کے آغاز پر خلل ڈالنے کی کوشش بھی کی گئی۔ سٹی ہال انتظامیہ نے شور کرنے والوں کو نکال باہر کیا۔صادق خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔نفرت کے مقابلے میں امید جیت گئی۔ دوبارہ منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ آج ہم نے تاریخ بنانے کے ساتھ ساتھ اپنی نسلوں کا مستقبل بنانے کی طرف قدم اٹھایا ہے ۔ہم نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بھرپور کام کیالندن کے شہریوں کے تمام مسائل کے حل کی کوشش کروں گا ۔ہاؤسنگ کرائسز، مہنگائی اور جرائم کا خاتمہ کریں گے ۔رشی سوناک کو جنرل الیکشن کا اعلان کرنا چاہیے ۔وعدہ کرتا ہوں، لندن کے تمام لوگوں کامئیر رہوں گا۔ صادق خان کی تقریر کے دوران ان کے ساتھ کھڑی سوزن ہال نفی میں سر ہلاتی ر ہیں۔ صادق خان نے اپنی والدہ، اہلیہ سعدیہ اور بچوں کا شکریہ ادا کیا۔ آپ نے ثابت کیا کہ لندن ممکنات اور مواقع کا شہر ہے۔ مئیر لندن کے انتخاب کیلئے ڈالے گئے ووٹو میں سے گیارہ ہزار سے زیادہ ووٹ ریجیکٹ ہوئے۔ دوسری جانب وزیراعظم محمد شہبازشریف نے صادق خان کو لندن کا مئیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک محنتی برطانوی پاکستانی کے قابل فخر فرزند نے اپنے والدین کا ہی نہیں ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ لندن کا مئیر بننے کی ہیٹرک مکمل کرنے پر صادق خان کو دلی مبارک پیش کرتا ہوں ،تیسری بار لندن کا مئیر منتخب ہونا یقینا صادق خان کی قابلیت اور عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مستقبل میں صادق خان کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں ۔