برطانوی جوڈیشری میں بیرسٹر اظہر اقبال اور بیرسٹر عابد اقبال کی تقرری باعث فخر ہے، مقررین

May 06, 2024

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل)معروف قانون دان بیرسٹر اظہر اقبال کے برطانیہ میں جج کے منصب پر فائز ہونے کی خوشی میں بریڈفورڈ کے مقامی ریسٹورنٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام مسلم کانفرنس برطانیہ کے چیف آرگنائزر و سابق آفیسر تعلقات عامہ برائے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ ظہیر احمد کیانی ایڈووکیٹ نے کیا جس میں بیرسٹر عابد اقبال اولڈھم ، عبداللہ طاہرسابق پرنسپل ڈگری کالج کھوئی رٹہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر راجہ ظہیر احمد کیانی ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر اظہر اقبال جن کا تعلق فیض پور شریف آزادکشمیر سے ہے پہلے کشمیری ہیں جنہیں برطانیہ میں جج کے منصب پر فائز کیا گیا جو کہ تمام پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کیلئے فخر کی بات ہے حال ہی میں بیرسٹر عابد اقبال کو بھی جوڈیشری میں معاونت کیلئے سیلیکٹ کر لیا گیا ہے حکومت برطانیہ کی جانب سے میرٹ پر بیرسٹر اظہر اقبال اور بیرسٹر عابد اقبال کی بحیثیت جج تقرری شاندار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ دنیا میں انصاف فراہم کرنےکے اعتبار سے منفرد مقام رکھتا ہے۔ معروف قانون دان بیرسٹر اظہر اقبال اور بیرسٹر عابد اقبال کی تقرری ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے جس پرہم حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بیرسٹر اظہر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے اپنی اس کامیابی کو اپنے والدین اور ان بزرگوں کے نام کیا جنہوں نے جہاں اپنی محنت سے نہ صرف اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا وہاں اپنے بچوں کو تعلیم اور برطانوی معاشرے کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، آج میں اگر اس مقام پر پہنچا ہوں تو اس میں میرے بزرگوں کا بنیادی کردار ہے، انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں برطانیہ کے جس شعبے میں بھی آگے بڑھنا چاہتے ہیں محنت کریں برطانیہ میں آپ کی صلاحیتوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بیرسٹر عابد اقبال نے کہا کہ وہ اپنے فرائض برطانیہ کے قانون کے مطابق پوری ایمانداری سے سر انجام دیتے ہوئے اس ملک کی نیک نامی کا سبب بنیں گے اور یہاں کے قانون کے تقاضوں کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آزادکشمیر سے آئے ہوئے سابق پرنسپل ڈگری کالج کھوئی رٹہ پروفیسر عبداللہ طاہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا مقام ہے کہ وہ پاکستانی کشمیری جو اس ملک میں محنت مزدوری کے لیے آئے ان کی اولادیں آج جج اور دیگر شعبوں میں اعلی منصب پر فائز ہو رہی ہیں جو کہ ہم سب اور پاکستان کے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔راجہ فریاد جنہوں نے نظامت کے فرائض بھی سرانجام دئیے انہوں نے برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی کی کامیابیوں پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک زمانے میں پاکستان کے نہایت بے سروسامانی کے عالم میں آنے والے افراد نے اپنی شہانہ روز محنت سے ایک بالکل نئے ملک اور معاشرے میں قابل فخر مقام حاصل کیا ہے۔ تقریب میں چوہدری تجمل حسین میئررادرھم راجہ قبال بولٹن، کونسلرچوہدری یسین ، راجہ اظہر ایڈووکیٹ راچڈیل، مرزا اشفاق ایڈووکیٹ لیڈز ،چوہدری مظہر حسین بریڈفورڈ، بابو چوہدری مشتاق ،عاشق حسین بریڈفورڈ ،راجہ رجاسب خان بریڈفورڈ، الطاف بولٹن ،احسان الحق ،بریڈفورڈ چوہدری افتخار پوٹھی ،راجہ ناصر بریڈفورڈ ،چوہدری ذوالفقارڈیوزبری، حسنین علی کیانی بریڈفورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔شرکاء نے معروف قانون دان بیرسٹر اظہر اقبال اور بیرسٹر عابد اقبال کو برطانوی عدالت کے جج بننے پر مبارک باد دی ۔