بریڈ فورڈ میں لیبر کی غزہ پالیسی پر شدید ردعمل، کئی آزاد امیدوار کامیاب

May 06, 2024

بریڈفورڈ (عبید مغل) لیبر قائد کی غزہ جنگ پر پالیسی کا بریڈفورڈ میں شدید ردعمل، کمیونٹی نے کارکردگی کے بجائے پارٹی پالیسیوں پر ووٹ دیا۔ آزاد امیدواروں کے اتحاد نےلیبر سے متعدد مضبوط سیٹیں چھین لیں۔ مجموعی طور پر لیبر نے 10نشستیں حاصل کی جب کہ دوسری بڑی کامیابی 9سیٹوں کے ساتھ آزاد امیدواروں کے ہاتھ لگی۔ سب سے بڑا اپ سیٹ ٹولر وارڈ میں دیکھا گیا جہاں لیبر کے سینئر کونسلر ارشد حسین آزاد امیدوار عطیرہ ملک کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔ عطیرہ ملک نے 2548ووٹ حاصل کئے جو کہ دیگر تمام امیدواروں کے کُل ووٹوں سے بھی زائد تھے جن کا تناسب 53فیصد بنتا ہے۔ ان کے قریب ترین حریف اس وارڈ سے طویل عرصے تک کونسلر رہنے والےلیبر کے ارشد حسین تھے جنہوں نے 1665 ووٹ حاصل کئے جن کا تناسب 34 فیصد بنتاہے۔ لیبر کی ایک اور بڑی شکست گریٹ ہارٹن وارڈ میں عبدالجبار کی تھی جو آزاد امیدوارسرفراز صدیق کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔ سرفراز صدیق اس وارڈ سے 1692 ووٹ لے کامیابی سے سرفراز ہوئے جب کہ لیبر کے عبدالجبار 1453ووٹ کے ساتھ ناکام رہے۔ پہلی پوزیشن پر 42 فیصد اور دوسری پر لیبر کو 36 فیصد ووٹ ملے۔ سٹی وارڈ میں بھی لیبر ایک نشست سے محروم ہوگئی جہاں لیبر کی سینئر کونسلرانیلہ احمد کو آزاد امیدوار سلیم رضوان نے بھاری اکثریت سےشکست دی۔ رضوان سلیم نے 2224ووٹ حاصل کئے جوکہ کل ووٹوں کا 52فیصد تھا جب کہ انیلہ احمد نےدوسری پوزیشن پر 1448ووٹ حاصل کئے جنکا تناسب 34فیصد تھا۔ ہیٹن وارڈ سے لیبر کے شکست کھانے والے امیدوار ابرار حسین تھے جنہیں آزاد امیدواراشتیاق احمد نے شکست دی یاد رہے کہ اشتیاق احمد پہلی بار جارج گیلوے کی پارٹی سے کامیاب ہوئے۔ اشتیاق احمد نے کل 44فیصد یعنی 2183ووٹ لے کر پہلی پوزیشن حاصل جبکہ لیبر کے ابرار حسین یہاں تیسرے نمبر پر رہے انہوں نے 1245 ووٹحاصل کئے جن کا تناسب 24. فیصد تھا، اس وارڈ میں دوسری پوزیشن گرین پارٹی کےامیدوار نے حاصل کی اور 1544 ووٹ حاصل کئے جن کا تناسب 29 فیصد تھا آزاد امیدواروں میں کامیابی حاصل کرنےوالے سابق ایم پی ڈیوڈ وارڈ بھی کونسل میں آزاد حیثیت سے واپس آگئے ہیں۔ یاد رہے کہ ڈیوڈ وارڈ لب ڈیم کے سینئر رہنما تھے جب فلسطین اور اسرائیل کے تنازع پر بطور ایم پی انہیں پارٹی نے خارج کردیا تھا، ڈیوڈوارڈ 1432 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے لیبر کو 1169 وٹ مل سکے ۔میننگھم وارڈ سے لیبر کو آزاد امیدوار محمد علی اسلام کے ہاتھوں سب سے بڑی شکست لیبر کو ہوئی جنہوں نے ریکارڈ 4100 ووٹ حاصل کیے جنکا تناسب 77 فیصدہے اگرچہ لیبر کے امیدوار بھی پہلی بار میدان میں تھے تاہم یہ روایتی طور پر لیبر کی ہی نشست تھی مذکورہ حلقے سے دو کونسلر سیٹیں پہلے ہی لیبر کے پاس ہیں، لیبر کودوسری پوزیشن پر صرف 17 فیصد یعنی 899 ووٹ ملے۔ محمد علی اسلام گزشتہ دوسال سے مسلسل اس وارڈ سے کامیابی کی جدوجہد کررہے تاہم وہ صرف دو کے قریبووٹوں سے نام رہتے البتہ اس بار انہوں نے شہر بھر میں ریکارڈ ووٹ حاصل کئے۔ بولنگ اینڈ بارکر اینڈ وارڈ سے لیبر کے سینئر کونسلر حسن خان کو آزاد امیدواراسماعیل الدین نے ہرادیا ان کے ووٹوں کی تعداد 1551 تھی جب کہ لیبر 1332 ووٹوں کےساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ یہاں ووٹوں کا تناسب چالیس اور 35 فیصد تھا۔ موجودہ الیکشن میں انر سٹی میں سب سے خوش قسمت بریڈفورڈ مور سے لبرل ریاض احمد رہے جنکے مقابلے میں کوئی بھی آزاد امیدوار میدان میں نہیں آیا جوکہ انکی فلسطین کے لئے جدوجہد کس اعتراف تھا۔ یہ وارڈ ہمیشہ ہی انتہائی سخت مقابلے کامرکز رہا ہے۔ لبرل کی ریاض احمد یہاں 2052 ووٹ لے کر کامیاب ٹہرے جنکا تناسب 53 فیصد تھا۔ لیبر کی امیدوار نے دوسری پوزیشن پر تیس فیصد یعنی 1179 ووٹ حاصل کئے۔ آزاد امیدواروں میں اکثریت نئے اور نوجوان کونسلرز کی ہے جو لیبر کے مضبوط امیدواروں کو شکست دے کر کامیاب ہوئے ہیں۔