کارن ویل ہسپتال میں خاموشی کیلئے نرس طلب کرنے کی کال بیل بند کردی گئی

May 06, 2024

لندن (پی اے) رائل کارن ویل ہسپتال ٹرورو میں نئی ماؤں اور نومولود بچوں کو مکمل خاموش اور پرسکون ماحول فراہم کرنے کیلئے آزمائشی بنیادوں پر نرس طلب کرنے کی کال بیل بند کردی گئی اور اب کال بیل کے بجائے موبائیل فون استعمال کیا جائے گا خاموش ہسپتال کے آزمائشی منصوبے کے دوران یہ پتہ لگایا جائے گا کہ شور کی کمی اور بہتر کمیونی کیشن کی وجہ سے مریضوں کی جلد صحت یابی اور صحت مندی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اگر یہ ٹیکنالوجی کامیاب رہی تو ہسپتال کے دیگر وارڈز میں بھی اس کا اطلاق کردیا جائے گا۔RCHT کی ڈائریکٹر مڈوائفری سیلی بریٹن کا کہنا ہے کہ ہمارا بعد از زچگی وارڈ ہمیشہ بہت مصروف رہتا ہے اور نومولود اور بہت سے والدین کو عام طورپر شور شرابے کی وجہ سے بہتر طورپر آرام نہیں مل پاتا۔ انھوں نے کہا کہ خاموشی کے ماحول میں قبل از وقت پیدا ہونے بچوں کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا۔ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ اس آزمائشی تجربے کے بعد طبی آلات پر بھی شور نہ کرنے کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی متعارف کرائی جاسکے گی۔