کراچی: بینک کے باہر 50 لاکھ کی ڈکیتی کے ملزم کا پولیس ریمانڈ

May 06, 2024

کھارادر میں واقع بینک کے باہر سے 50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کیس کے گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ملزم سمیر کو 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت نے ساتھ ہی آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو بتایا کہ ملزم مدعی مقدمہ غلام محی الدین کے پاس کام کرتا تھا۔ مدعی نے ملزم کو 50 لاکھ روپے بینک میں جمع کروانےکے لیے دیے۔

تفتیشی افسر نے مزید کہا کہ ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا، چھینے گئے 50 لاکھ روپے بھی ملزم سے برآمد کرنے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ کھارادر میں درج ہے۔