ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے پر موبائل سم بلاک کرنے میں قانونی رکاوٹیں کیا ہیں؟

May 06, 2024

ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کی موبائل سم بلاک کرنے میں قانونی رکاوٹیں کیا ہوں گی؟ ٹیلی کام کمپنیوں نے انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عمل درآمد میں قانونی رکاوٹوں کی نشان دہی کردی۔

ٹیلی کام انڈسٹری نے وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ سمز کی بندش کے احکامات پی ٹی اے اور صارفین کے قانونی حقوق سے متصادم ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ کمپنیاں ٹیلی کام ایکٹ کے تحت بلا تعطل خدمات کی فراہمی کی پابند ہیں، قانوناً کسٹمرز کی سم کو ایک دم بند نہیں کیا جا سکتا۔

ٹیلی کام انڈسٹری کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے آرڈر پر عمل کیا تو صارفین کی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی بھی کارروائی براہ راست کی جائے، سمز کی بندش سے قبل مروجہ قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ ایف بی آر نے سموں کی بندش کے فیصلے سے قبل آئینی، قانونی پہلوؤں کا جائزہ نہیں لیا، ایف بی آر نے سموں کی بندش کے مالیاتی نقصانات کو مد نظر نہیں رکھا۔

ٹیلی کام سروس بندش کاحکم صارفین کے حقوق پر عدالتی فیصلوں سے بھی متصادم ہے، سموں کی بندش ٹیلی کام کمپنیوں کے حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، ٹیلی کام کمپنیاں اپنی ٹیکس ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا کر رہی ہیں، کسٹمرز کو بار بار یاد دہانی کروانے اور میڈیا پر مہم چلائے بغیر سمیں بلاک نہیں کی جا سکتیں۔

خط میں کہا گیا کہ ایف بی آر کے حکم سے متاثر افراد کو وسیع میڈیا مہم کے ذریعے مطلع کیا جائے، صارفین کو شوکاز جاری کیے جائیں تاکہ انہیں اپنا مقدمہ کسی ٹریبونل یا عدالت میں پیش کرنے کا موقع مل سکے۔

ایف بی آر قانونی اور مجوزہ طریقہ کار کے مطابق شفاف طریقے سے ٹیکس قوانین کا نفاذ کرے، شفاف طریقے سے ٹیکس قوانین کے نفاذ سے سموں کی بندش کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔