وزیرِ اعلیٰ کے پی چڑھائی کریں گے تو قانون کے مطابق عمل ہو گا، فیصل کریم

May 07, 2024

اسکرین گریب

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی اگر چڑھائی کریں گے تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق عمل ہو گا۔

فیصل کریم کنڈی نے آج مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کچھ لوگ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، ہم بننے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے بقایا جات مانگنے کے لیے فورمز ہیں، ان فورمز پر اپنا کیس لڑنا ہے، خیبر پختونخوا اور مرکز میں پل کا کردار ادا کریں کے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے حالات اتنے اچھے نہیں، کوشش ہوگی کہ صوبے کے عوام کا وکیل بنوں، ہماری کوشش ہو گی کہ صوبے میں ترقی ہو۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پوری کوشش ہو گی کہ نفرتیں ختم کروں، ہم نے خیبر پختونخوا کا مقدمہ لڑنا ہے، کل لاڑکانہ کا وزٹ کروں گا، کوئی کسی کو نہیں روک سکتا کہ کدھر جانا ہے کدھر نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم ہر سیاسی جماعت کے ساتھ تعلق رکھیں گے، مولانا صاحب جب چاہیں گورنر ہاؤس آئیں، صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس خود جاؤں گا، وفاق سے تنازع رہا تو کے پی کے لوگ 5 سال پیچھے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے، اگر آپ جیل توڑیں گے تو اسلام آباد اور پنجاب پولیس کیسے آپ کو چھوڑے گی، ہمیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنا چاہیے، جو پاکستان کا آئین نہ مانے اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی سیاست میں ایک سیاہ دن ہے، پی ٹی آئی کہتی ہے کہ ہمارے لوگ ملوث نہیں ہیں، جو لوگ ملوث نہیں ان کو تنگ نہیں کرنا چاہیے۔