شعبہ صحت میں 145 ارب سے 7 میگا پراجیکٹ زیر تکمیل، وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ

May 07, 2024

پنجاب میں شعبہ صحت میں 145 ارب کی لاگت کے 7 میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کا 5 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، جس میں سی ایم اسپیشل پراجیکٹس اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دوران بریفنگ بتایا گیا کہ شعبہ صحت میں145 ارب کے 7 میگا پراجیکٹ زیر تکمیل ہیں۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ 33 سی ایم ترقیاتی پراجیکٹس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، منصوبوں کی بروقت تکمیل کےلئے دن رات محنت کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل پر پوری توجہ دی جائے۔

اجلاس کے شرکاء کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ لاہور میں 300 اور دیگر شہروں میں مجموعی طورپر 330 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایاگیا کہ سرکاری دفاتر میں ڈے کیئر سینٹر قائم ہوگا، صوبے میں اہم روٹس پر پانچ ایکسپریس ویز 176 ارب روپے کی لاگت سے تیار کی جائیں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا بڑے اسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی، ایئر ایمبولینس سروس جون جبکہ موٹر وے ایمبولینس سروس دسمبر تک شروع ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر لاہور کا پہلا فیز رواں سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے سرگودھا میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا او پی ڈی دسمبر 2025ء میں کھولنے کا حکم دیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر اور بحالی کا پہلا مرحلہ اکتوبر میں مکمل کرلیا جائے گا۔

بریفنگ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ اضلاع میں اسمارٹ سیف سٹی یکم جنوری تک فنکشنل ہوں گے، پنجاب میں 60 لاکھ پودے لگائیں گے، وائلڈ لائف سروے کرایا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب میں گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیٹ پروگرام شروع ہے، سی ایم اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 4 ہزار نوجوان آئی ٹی کورس کریں گے۔