کراچی: چھینے گئے آئی فون سے ملزمان کے نشاندہی، مقابلے میں 2 ڈکیت بھائی زخمی

May 10, 2024

کراچی کے علاقے ڈیفنس سے چھینے گئے آئی فون کی مدد سے ڈیفنس پولیس نے ملزمان کا سراغ لگا لیا۔

مقابلے میں 2 ڈکیت بھائی زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اختر کالونی میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے گھر کے باہر لوٹ مار کی۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزمان نے منان سعید اور دیگر افراد سے لوٹ مار کی۔

—جنگ فوٹوز

لٹنے والے نوجوان نے آئی فون پرومیکس کی لوکیشن سے ملزمان کی نشاندہی کی، ڈیفنس پولیس نے کارروائی کی تو دونوں ملزمان فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تعاقب پر ڈیفنس میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں دونوں بھائی فرید اور فرحان زخمی ہو گئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، چھینی گئی موٹر سائیکل، 4 موبائل فون، ایئر پیڈز اور 6 گھڑیاں برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار دونوں بھائی درجنوں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔