وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینک آن وہیلز منصوبے کا افتتاح کردیا

May 10, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کلینک آن وہیلز منصوبے کا افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ ایک گاڑی نہیں بلکہ مکمل کلینک ہے، اس سے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت میسر ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ 40 لاکھ افراد اس کلینک آن وہیلز سے مستفید ہوسکیں گے، جب بھی کوئی ایسا منصوبہ لے کر آتا ہے سب سے زیادہ خوش نواز شریف ہوتے ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف سے مجھے عوامی خدمت کی تحریک ملتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 200 میں سے 50 گاڑیوں میں الٹرا ساؤنڈ کی سہولت موجود ہے، کلینک آن وہیلز میں ایک ڈاکٹر ہوگا، ٹیسٹ، اسکریننگ اور ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی، ان علاقوں میں جہاں صحت کے مراکز دور دراز ہوتے ہیں وہاں یہ کلینک آن وہیلز کھڑی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کلینک آن وہیل کے اندر زچہ بچہ کیلئے بھی طبی سہولت موجود ہوگی، مجھے آج تک محکمہ صحت پنجاب سے متعلق ایک بھی شکایت نہیں ملی، صحت سے متعلق ایک جامع پروگرام لا رہے ہیں، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم 36 اضلاع کے مقامی ڈاکٹرز کو ترجیح دیں گے، پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، لوگوں کو بتا رہے ہیں کنٹینر کو صرف احتجاج کیلئے نہیں علاج کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے 8 اضلاع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیولوجی اسپتال کی سہولت لے کر آرہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کلینک آن وہیل میں ادویات اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انہیں کلینک آن وہیل الٹرا ساؤنڈ وین کا بھی معائنہ کرایا گیا۔

مریم نواز نے دیہات کی خواتین کیلئے رورل ایمبولینس کا بھی جائزہ لیا اور دیہات کے لیے مزید 100 رورل ایمبولینس سروس محکمے کے سپرد کیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ’ہر مرکز صحت پر ڈاکٹر‘ پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا۔

انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیمی اربن اور کچی آبادی کے رہائشیوں کیلئے 200 کلینک آن وہیلز قائم کیے گئے ہیں، کلینک آن وہیلز میں ڈاکٹر، ایل ایچ وی اور ویکسینیٹر کا اسٹاف ہوگا، کلینک آن وہیل میں مفت ادویات اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولت بھی ہوگی۔