پی آئی اے انتظامیہ اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز میں میت رکھنا بھول گئی

May 10, 2024

قومی ایئرلائن پی آئی اے کی انتظامیہ اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز میں میت رکھنا بھول گئی۔

قومی ایئرلائن سے اسکردو پہنچنے والے لواحقین نے میت نہ پہنچنے پر ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا۔

مرحوم بچے کے والد کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے 6 سال کے بیٹے کی میت اسکردو لانے کیلئے پی آئی اے کارگو بک کیا تھا، پرواز سے اسکردو ایئرپورٹ پہنچے تو بچے کی میت نہیں تھی۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ 6 سالہ بچے کی میت فلائٹ نمبر پی کے 451 میں بک کی گئی تھی، اسکردو پہنچنے پر پتہ چلا کہ بچے کی میت نہیں بھیجی گئی۔

بچے کے والد نے پی آئی اے انتظامیہ کی غفلت کےخلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

دوسری جانب قومی ایئر لائن نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ غفلت کے مرتکب عملے کو سخت سزا دی جائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ میت کو کارگو ٹرمینل کولڈ اسٹوریج منتقل کر دیا گیا ہے، لواحقین کی فیملی کے 3 افراد کو اسکردو سے اسلام آباد لایا جارہا ہے، کل تینوں افراد میت کے ساتھ دوبارہ گلگت روانہ ہوں گے۔