امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ، نیپرا کی بجلی کمپنیوں کو ہدایات

May 10, 2024

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

نیپرا نے طلباء کو امتحانات کے دوان لوڈشیڈنگ سے درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کےالیکٹرک سمیت تمام کمپنیوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔

نیپرا نے بجلی کمپنیوں کو لوڈشیڈنگ پر نظر ثانی کی ہدایت کی اور کہا کہ امتحانی پرچوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی برقرار رکھی جائے۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق امتحانی سیشن کے دوران لوڈشیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی ناکامی پر ریگولیٹری کارروائی ہوسکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا کو امتحانی سیشنز کے دوران لوڈشیڈنگ کی شکایات ملی ہیں، جس سے طلباء کےلیے امتحانی پرچوں کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق بجلی کمپنیاں اپنے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کی پابند ہیں، کوئی بھی رکاوٹ طلبا کی کارکردگی کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔