نئی حکومت کی ترجیح سی پیک کی تیز رفتار کو بحال کرنا ہے، احسن اقبال

May 10, 2024

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نئی حکومت کی ترجیحات میں سی پیک کی رفتار کو بحال کرنا ہے۔

احسن اقبال نے بیجنگ میں چین کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے چیئرمین سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کا وژن سی پیک منصوبے کی تیز رفتار کو بحال کرنا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ گرین کوریڈور سی پیک کے دوسرے مرحلے کا اہم ستون ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں توانائی کے منصوبوں نے پاکستان میں بجلی کی بندش پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں صنعتی تعاون کو بڑھایا جائے گا، فیز ٹو میں چینی صنعتوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ بنائے ہیں، سی پیک پاکستان کےلیے تبدیلی، ابھرتا ہوا منصوبہ بن کر سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ پر قابو کےلیے 8 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی۔