گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوسکے

May 13, 2024

کوئٹہ ( آن لائن ) کوئٹہ میں گندم ،میدہ اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ ہوسکی۔ بیکری مالکان اور دکانداروں نے ڈبل روٹی ، رس، بسکٹ اور دیگر اشیاء کی فروخت پرانے ریٹس پر جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لونا شروع کر رکھا ہے، عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے اپیل کی کہ وہ مرغی اور دیگر کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے اپنا کردار اد اکریں، تاکہ شہریوں کو مہنگائی اور گراں فروشی سے چھٹکارا مل سکے ،صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوسکے کیونکہ کھانے پینے کی چیزوں کے علاوہ روٹی ، گوشت ، مرغی، سبزیوں کی قیمتوں میں اس تناسب سے کمی نہیں ہوئی جس تناسب سے مہنگائی بڑھی تھی اب مہنگائی کم ہونا شروع ہوئی ہے لیکن گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود بیکری آئٹم میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ بیکریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شہریوں کو خود ساختہ مسلط کردہ مہنگائی کا خاتمہ یقینی بناتے ہوئے ان کی قیمتیں کم کروائیں ۔