لندن میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، نوجوانوں کی نقل مکانی

May 17, 2024

مانچسٹر(نمائندہ جنگ)لندن میں آسمان چھوتے کرایہ جات کے ہاتھوں عاجز طالب علم ‘ سیاح اور مقامی خاندانوں نے مانچسٹر سمیت برطانیہ کے مختلف علاقوں میں پرسکون ‘ آرام دہ اور سستے علاقوں کا انتخاب کرنے کیلئے تلاش تیز کر دی، لندن میں کرایہ پر دکانیں چلانے والے افراد کی بڑی تعداد بھی مہنگائی اور کرایہ جات میں ریکارڈ اضافے کے بعد پریشان دکھائی دیتی ہے پراپرٹی کے حالیہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لندن میں اوسط گھر کی قیمت 7لاکھ پاؤنڈ سے زائد ہے ‘ مہنگائی اور زندگی گزارنے کے اخراجات میں مسلسل اضافے کی وجہ سے دارالحکومت کو خیر آباد کہنے والے نوجوانوں کی تعداد میں روز بروز تیزی کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے، کینٹ میں مارگیٹ جو شاید کسی زمانے میں ڈیل بوائے اور جولی بوائز کی آؤٹنگ سے سب سے زیادہ وابستہ تھا حال ہی میں اسے شوریڈچ آن سی کا نام دیا گیا ہے مشرقی لندن کے ہپسٹرز کے ساتھ اس کی مقبولیت ایسی ہے ان ڈی ایف ایل (ڈاؤن فرام لندن) میں سے ایک 33 سالہ ریبیکا اونیٹ ہیں جنہوں نے نو سال قبل دارالحکومت کا رخ کیا اب زیورات کی دکان کی مالک ہیں، انکا ماننا ہے کہ کرایہ جات بڑھنے کی وجہ سے دکان چلانا ناممکن نظر آنے لگا ہے، ایسے ہی کئی دکاندار کرایہ جات کے ہاتھوں سخت دلبرداشتہ ہیں وہ چاہتے ہیں کہ وہ اپنی کمیونٹیز کے لوگوں میں رہیں مگر حالات انکے لیے مواقف نہیں رہے ‘ دور دراز نوکریاں کرنیوالے افراد بھی لندن کو چھوڑ کر دیگر علاقوں میں کرایہ جات پر منتقل ہو رہے ہیں تاکہ وہ اپنے خراجات میں زیادہ سے زیادہ کمی لا سکیں ‘محتاط اندازے کے مطابق لندن میں ایک چھوٹے سے فلیٹ کا کرایہ تقریباً 15سو پاؤنڈ ماہانہ سے زائد ہو چکا ہے، ایسٹبورن میں دو بیڈروم فلیٹ کا کرایہ9سو پاؤنڈ تک ہے کرایہ جات سے بچنے کیلئے برطانیہ کے مختلف حصوں میں کرایہ پر مکانات کی ڈیمانڈ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔