موٹر وے پولیس اہلکار کو گاڑی تلے روندنے والی ملزمہ کے ریمانڈ میں توسیع

May 17, 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد ممتاز ہنجرا نے موٹر وے پولیس کے اہلکار کو گاڑی تلے روندنے کے الزام میں گرفتار ملزمہ فرح زہرہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں اکیس مئی تک توسیع کر دی، گزشتہ روز عدالت نے حکم دیا کہ آج کی تاریخ میں چالان پیش کیا جائے تفتیشی افسر نے چالان پیش نہ کر کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔خاتون سے عدالت سے استدعا کی کہ میری ضمانت منظور کر لیں یا میرے گھر کو سب جیل قرار دے دیں۔میں بیمار ہوں بیس روز سے نہائی نہیں ہوں اور جیل میں مجھ پر گندگی پھینکی جاتی ہے،انجکشن لگاتے ہیں، مجھے جان کا خطرہ ہے۔ عدالت نے استفسار کیاکہ کون آپ کو مارنا چاہتا ہے تو خاتون نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ۔عدالت نے خاتون کو ہدایت کی کہ گھر کو سب جیل بنانے کیلئے آپ کو ہوم ڈپارٹمنٹ میں درخواست دینی ہوگی۔