ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کا پانچ فاسٹ بولرز پر بھروسہ، ممکنہ پلیئرز کے نام سامنے آگئے

May 18, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے 15 ارکان فائنل ہوگئے، جن کے نام ممکنہ اعلان سے قبل ہی سامنے آگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق میگا ایونٹ کیلئے 15 کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں 5 فاسٹ بولرز، 4 آل راؤنڈرز، 3 وکٹ کیپرز، 2 بیٹرز اور ایک اسپنر شامل ہوگا۔ادھر فاسٹ بولر شاہین آفریدی کہتے ہیں کہ جیتنے کا کہہ کہہ کر تھک گئے، اس بار ورلڈکپ جیت کر دکھائیں گے۔اہم بات ہے کہ قومی ٹیم میگا ایونٹ سے قبل وارم اپ میچز نہیں کھیلے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سلیکٹرز نے ورلڈکپ کیلئے مشاورت سے 15حتمی کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کرلی ہے۔ حارث رؤف مکمل فٹ ہیں اور ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد رضوان، عثمان خان، اعظم خان، عماد وسیم، شاداب خان، صائم ایوب اور افتخار احمد، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ، عباس آفریدی پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ سلمان علی آغا، حسن علی اور عرفان نیازی ٹریول ریزروزہوں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کے سبب ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ نہیں کھیلے گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی میچز 22 سے 30 مئی کے درمیان ہوں گے جبکہ انگلش ٹیم بھی ورلڈ کپ وارم اپ میچ نہیں کھیلے گی۔ وارم اپ میچز 27 مئی سے یکم جون کے درمیان ہوں گے۔ پاکستان ٹیم یکم جون کو انگلینڈ سے امریکا روانہ ہوگی ۔ علاوہ ازیں فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہاہے کہ مکمل فٹ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے پوری طرح تیار ہوں ۔ اچھے نتائج کا یقین ہے ۔ کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتیں گے لیکن انشاء اللہ اس مرتبہ یہ کر کے دکھائیں گے۔ پی سی بی پوڈکاسٹ میں بات چیت میں انہوں نے کہا کہ گیری کرسٹن نے زبردست بات کہی کہ آپ کی شرٹ کے پیچھے جو نام ہے اس کیلئے نہیں کھیلنا بلکہ شرٹ کے آگے سینے پر جو نام ہے اس کیلئے کھیلنا ہے ۔ ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے ۔ یہ وقت کسی بحث کا نہیں ہے بلکہ اصل مقصد کے حصول کا ہے۔ کوشش کریں گے کہ ٹیم جو توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے اس پر پورا اتریں۔ سابق کپتان سرفراز احمد نے ان کی بڑی رہنمائی کی۔