وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین مکہ مکرمہ پہنچ گئے

May 19, 2024

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین—فائل فوٹو

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین مکہ مکرمہ پہنچ گئے جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد پاکستان حج مشن مکہ کا دورہ کریں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سالک حسین آج سعودی اداروں، کیٹرنگ کمپنیز اور عازمین حج کی رہائش گاہوں کا دورہ کریں گے۔

اعلامیے میں وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 93 پروازوں سے 22 ہزار 696 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔

سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے11 ہزار سے زائد عازمین نے ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کی۔

عازمین حج کے ابتدائی قافلے 8 روز مدینہ منورہ میں قیام کے بعد مکہ مکرمہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

پاکستان سے براہِ راست جدہ کی حج پروازوں کا آغاز 23 مئی سے ہو گا۔