’’فوٹو گرافی‘‘ یہ وسیع شعبہ ہے

June 09, 2024

نوید احمد

فائن آرٹس کا ایک شعبہ فوٹو گرافی ہے جو،زندگی کے ہر لمحے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ آرٹ فن مصوری سے شروع ہوا اور وقت کے ساتھ ساتھ کیمرے کی شکل اختیار کر گیا۔ جس دور میں کیمرے موجود نہیں تھے اس وقت شوقین لوگ ہاتھ سے تصاویر ، پورٹریٹس ، لینڈ سکیپ بناتے تھے۔ جب کیمرہ ایجاد ہوا تو تصویر کھینچنا قدرے آسان ہوگیا، مگر شروع میں جو کیمرے تھے ان سے تصویر کھینچنے، کھینچوانے اور پھر ڈویلپ کرنے کے لئے بہت محنت اور وقت درکار ہوتا تھا۔

ڈیجیٹل دور میں دنیا جتنی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اسی تیزی سے ہر کام میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جیسے ایک تبدیلی تو یہ نظر آرہی ہے کہ ہروہ نوجوان جو موبائل رکھتا ہے ، فوٹو گرافر ہے لیکن پروفیشنل فوٹوگرافر اور عام کیمرہ استعمال کرنے میں بہرحال فرق ہوتا ہے۔ روز بروز ترقی کرتی ٹیکنالوجی نے تصویر کھینچنے کے فن کو بھی نئی جہتوں سے روشناس کر دیا ہے، کچھ فوٹوگرافرز وائلڈ لائف فوٹوگرافی کرتے ہیں توکچھ ا سٹریٹ لائف کیمرے کی آنکھ میں مقید کرتے ہیں۔

کوئی تاریخی مقامات کی تصویر کشی اور کوئی کھنڈرات کی تصاویر مختلف انداز سے بناتے ہیں۔ تصاویر لمحات کو قید کرنے کا نام ہے ،لہٰذا آج کل لوگ اپنی شادیوں کے مناظر کو خوبصورت یاد بنا کر رکھنے کے لئے بہترین فوٹو گرافرز کا سہارا لیتے ہیں اب ’’ویڈنگ فوٹوگرافی ‘‘ ایک مکمل شعبہ بن چکی ہے ۔آج کل تو فوٹو گرافی نوجوانوں کا کچھ زیادہ ہی شوق بنتا جا رہا ہے، جو کرئیر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

فوٹو گرافی کے ذریعے فوٹو شاپ، فوٹو ایڈیٹنگ جیسی معلومات حاصل کر کے اپنی مہارت کو مزید نکھارا جاسکتا ہے،بعد ازاں کسی کمپنی یا اسٹوڈیو میں ملازمت کر سکتے ہیں۔ اگر فری لانس کام کرنے کی خواہش ہے تو پارٹی، شادی، سالگرہ وغیرہ جیسی تقریبات کی کوریج کر کے کما سکتے ہیں اس کے علاوہ بھی کئی شعبوں میں کام کرسکتے ہیں جن میں اخبار اور میگزین سے لے کر فیشن اور اشتہارسازی شامل ہیں۔ وقت کے ساتھ فوٹو گرافی کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

مہنگے ڈیجیٹل کیمروں سے لے کراسمارٹ فونز تک عام لوگوں کے ہاتھوں میں نظر آرہے ہیں کی آسانی سے رسائی ہے، جس کے ذریعے وہ سیلفیز سے لے کر ویڈیوز تک بنا رہے ہیں اور وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ یہ کمائی کا ذریعہ بھی بنتے جا رہے ہیں۔ جو نوجوان اس میدان میں آنا چاہتے ہیں وہ پہلے سوچیں کہ انہیں کونسی فو ٹو گرافی کو پیشہ بنانا ہے ۔ یہ بہت وسیع فیلڈ ہے۔ بہت سے اداروں میں سرٹیفیکیٹ اور ڈپلومہ کورس کرائے جاتے ہیں۔

جیسے ڈیجیٹل اور کمرشل فوٹو گرافی۔ ان کورس کی مدت عام طور پر تین سے چھ ماہ کی ہوتی ہے۔ نیوز ایجنسی، ٹی وی چینل، ایڈورٹائئزنگ،ویب سائٹ وغیرہ میں بھی فوٹو گرافی کا استعمال بڑے پیمانے پر ہوتا جا رہا ہے۔اس کی مانگ کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ نوجوان اس میدان میں کرئیر بناسکتے ہیں۔