ویکسینیشن مکمل نہ کرانے والے 150 سعودی عازمینِ حج کے پرمٹ منسوخ

June 15, 2024

فائل فوٹو

سعودی عرب نےلازمی حفاظتی ویکسینیشن مکمل نہ کرانے والے 150 مقامی عازمینِ حج کے پرمٹ منسوخ کردیے۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رواں سال حج سیزن کے دوران مقامی عازمین میں ویکسینیشن کی شرح 99 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے مہمانوں کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے تاکہ زائرین صحت مند حالت میں اپنی دینی رسومات ادا کر سکیں۔

سعودی وزارت صحت نے متعدی بیماریوں سے زائرین کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مقدس مقامات پر صحت کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ کوششیں کرنے پر بھی زور دیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت صحت نے پہلے ہی ویکسی نیشن کے حوالے سے تنبیہ جاری کردی تھی۔

رواں ماہ سعودی وزارت نے عازمینِ حج پر زور دیا تھا کہ وہ پہلے سے تجویز کردہ ویکسی نیشن ضرور لگوائیں بصورت دیگر ان کے حج پرمٹ یا حج ویزا منسوخ کر دیا جائے گا۔