سٹریٹ کرائم بے قابو، گن پوائنٹ پر متعدد شہری موبائل فونز، نقدی سے محروم

June 16, 2024

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ باالجبر ،چوری ،قفل شکنی اور راہ زنی کی 32وارداتوں میں شہری 2گاڑیوں ایک رکشے،10موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ، موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے۔ اسلام آباد میں 28وارداتوں میں 13موٹر سائیکلوں ،موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے شہریوں کو محروم کردیاگیا۔ تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ سکستھ روڈ پر2موٹرسائیکل سوار سید میر ابراہیم سےگن پوائنٹ پر شناختی کارڈ ،اے ٹی ایم کارڈ ،اڑھائی ہزار روپے اورموبائل،تھانہ ویسٹریج کے علاقہ پشاور روڈ پر نامعلوم موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر ساجد محمود سے موبائل اور3ہزار روپے ،تھانہ ائر پورٹ کے علاقہ داد خان کالونی میں دوموٹرسائیکل سوارعامر رحمان سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اور 12ہزار340روپے ،تھانہ ٹیکسلاکے علاقہ ایچ ایم سی روڈ پر2موٹرسائیکل سوارذیشان خان نیازی سےگن پوائنٹ پر موبائل اور32ہزار روپے،تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ ڈھوک میرا کے قریب2موٹرسائیکل سوارعامر خلیل سے اسلحہ کی نوک پر موبائل اور 9ہزار روپے ،تھانہ روات کے علاقہ پنڈ مرزیاں میں 3نامعلوم ملزمان چنگیز خان کے گھرسے اسلحہ کی نوک پر3موبائل، ایک لاکھ آٹھ ہزارروپے اورسونا مالیتی2لاکھ 40ہزار روپے ،تھانہ روات کے علاقہ کلیام میں 2موٹرسائیکل سوار صدام حسین سے اسلحہ کی نوک پر 2موبائل اور 2لاکھ10ہزارروپے چھین کر فرار ہوگئے ۔مسلم ٹاؤن میں محمدانیس کے گھر سے 3موبائل،ایک لاکھ 56ہزار400روپے اورطلائی زیورات سوا2تولہ ،تھانہ ریس کورس کے علاقہ محلہ مستریاں میں ظہیر الدین بابر کا بکرا چوری کرلیاگیا۔