ہائیکورٹ کی مری میں غیرقانونی تعمیرات، نوٹس دیکر منہدم کرنے کی ہدایت

June 16, 2024

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے مری کیلئےتعمیراتی پالیسی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو نوٹس دے کر منہدم کیا جائے۔ موجودہ بائی لاز کو ماحول دوست بنایا جائے۔ عدالت عالیہ نے یہ ہدایات انعام عباسی کی طرف سے سانحہ مری کے بعد عدالت عالیہ کے حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیں۔ سماعت کے موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل طیب بلال پکھرال،این ایچ اے لیگل ایڈوائزر اسامہ شاہد خواجہ،میونسپل کارپوریشن مری کے لیگل ایڈوائزر اسد اقبال عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔ عدالت عالیہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی میں محکمہ موسمیات کے نمائندے کو بھی شامل کیا جائے۔ پارکنگ جگہوں سے شہر تک رسائی کیلئے مری انتظامیہ صاف ستھری پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں استعمال کرے۔پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ ایکو سسٹم کے تحفظ کیلئے سیاحوں کیلئےمختلف جگہوں پر تفریحی مقامات کو فروغ دے۔محکمہ جنگلات اور وائلڈ لائف کو ہدایت کی گئی ہے کہ دس مرلہ سے کم ہر گھر کو بھی کم از کم ایک درخت لگانے کی ترغیب دی جائے۔شجرکاری کیلئے خصوص مہم چلائی جائے۔محکمہ جنگلات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کیلئے قوانین کا جائزہ لیا جائے۔وائلڈ لائف اور جنگلات کے تخفظ کیلئے افرادی قوت کی کمی کو دور کیا جائے۔سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کو ہدایت کی گئی کہ نصاب میں ٹریفک نظم و ضبط،صفائی اور ماحول سے متعلق عنوانات شامل کئے جائیں۔اے سی مری،چیئر مین سی ڈی اےاورکمشنر راولپنڈی کو ہدایت کی گئی ہےکہ پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی جائے۔راولپنڈی اسلام آباد کو آنے والی آبی گزرگاہوں کو صاف کیا جائے۔کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے کام کو بہتر کیا جائے۔سی ڈی اے کو قائل کیا جائے کہ تمام واٹر چینلز پر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے۔محکمہ موسمیات کو ہدایت کی گئی کہ موسم کی پیش گوئی سے تمام محکموں کو بروقت آگاہ کیا جائے۔مزید سماعت27جون کو ہوگی۔