مجھے کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنا دیا جائے تو ٹیم ہر میچ جیتے گی: چاہت فتح علی خان

June 16, 2024

خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان ـــ فائل فوٹو

خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بننے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

چاہت فتح علی خان نے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر مجھے چیئرمین مقرر کیا گیا تو میں ہفتے میں 4 دن کھلاڑیوں کی کارکردگی اور کوچنگ کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

چاہت فتح علی خان نے مزید کہا کہ میں محسن نقوی پر تنقید نہیں کر رہا، میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ وہ میری پیشکش پر غور کریں چونکہ وہ اہم ذمہ داریوں کے ساتھ وزیر داخلہ بھی ہیں اس لیے میرا خیال ہے کہ پی سی بی کا چیئرمین مجھے بنا دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے ایک تجربہ کار کرکٹر کی ضرورت ہے،میں نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی ہے اس لیے میرے پاس کرکٹ کا تجربہ ہے اور کرکٹ میرا پہلا پیار ہے۔

چاہت فتح علی خان نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط ہونے کی ضرورت ہے، میں قومی ٹیم کو ذہنی اور جذباتی طور پر مضبوط بناؤں گا۔

یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان کا اصل نام کاشف رانا ہے اور وہ ماضی میں فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہ چکے ہیں، اُنہوں نے دو فرسٹ کلاس میچ کھیلے تھے جس میں انہوں نے تین اننگز میں صرف 16 رنز بنائے تھے۔

بعدازاں وہ برطانیہ چلے گئے تھے جہاں اُنہوں نے 12 سال تک کلب کرکٹ کھیلی۔