اداکاروں کے نوابوں سے بھی مہنگے شوق ہوتے ہیں: نواز الدین صدیقی

June 20, 2024

اداکار نواز الدین صدیقی ــــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے اداکاروں کے ساتھ غیر ضروری اشیاء اور اسٹاف کی موجودگی کو پاگل پن قرار دے دیا۔

نواز الدین صدیقی نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے بالی ووڈ فلموں کی پروڈکشن کی بڑھتی ہوئی اور سیٹس پر اداکاروں کی پروڈکشن ٹیم سے کی جانے والی غیر ضروری ڈیمانڈز کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ کوئی نئی بات نہیں ہے بلکہ یہ سب تو بھارتی فلم انڈسٹری میں بہت عرصے سے ہو رہا ہے۔

اداکار نے بتایا کہ فلموں کے سیٹس پر اداکاروں کی جانب سے بہت سی غیر ضروری ڈیمانڈز بھی کی جاتی ہیں بلکہ میں نے تو یہ بھی سنا ہے کہ کچھ اداکار اپنے ساتھ پانچ پانچ وینیٹی وینز لے کر گھوم رہے ہوتے ہیں، ایک وینیٹی وین میں ان کا جم ہے، ایک میں کھانا پکے گا، ایک میں وہ نہائیں گے تو اس طرح کی عجیب چیزیں بھی ہوتی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے رویے سے غیر ضروری طور پر پروڈکشن کی لاگت کو بڑھانا پاگل پن ہے اور بہت غلط بات ہے یہی پیسے آپ فلموں کے معیار کو بہتر بنانے میں لگاؤ۔

نواز الدین صدیقی نے کہا کہ جیسے اداکاروں کے شوق ہیں ایسے تو نوابوں کے بھی شوق نہیں ہوتے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں تو جب سیٹ پر ہوتا ہوں تو میری بس اتنی سی خواہش ہوتی ہے کہ مجھ کام اچھے طریقے سے ہوجائے بس میری کوئی غیر ضروری ڈیمانڈ نہیں ہوتی۔