آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئندہ ہفتے دیگر بورڈز سے شیئر کرے گا

June 21, 2024

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئندہ ہفتے دیگر بورڈز سے شیئر کرے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چند ہفتے قبل چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئی سی سی کو بھجوایا تھا۔ آئی سی سی نے شیڈول کا تفصیلی جائزہ لیا اور پی سی بی کے شیڈول میں رد و بدل نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول آئی سی سی دیگر 7 ممالک کو اب بھجوائے گا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقا، بنگلادیش ،نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں جبکہ ایونٹ کا فائنل بھی لاہو ر میں ہی ہوگا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کو بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے متعلق مثبت اشارے مل رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے اب تک کسی باضابطہ پلیٹ فارم پر پاکستان نہ آنے کی بات نہیں ہوئی جبکہ دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان آکر سیریز کھیل چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق دیگر ممالک پاکستان میں شیڈول کے مطابق چیمپئینز ٹرافی کے انعقاد کے خواہشمند ہیں، دیگر ٹیموں کی رضامندی کے باعث بھارت کےلیے تاخیر سے انکار مشکل ہوجائے گا۔