شہید بینظیر بھٹو نے عوام کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی سے نسلوں کو متاثر کیا، رہنما پیپلز پارٹی فرانس

June 23, 2024

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پیپلزپارٹی بریڈفورڈ نے شہیدِ جمہوریت سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں بریڈفورڈ ویسٹ سے پارلیمانی امیدوار ناز شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ چیف آرگنائزر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ و صدر پی پی پی بریڈ فورڈآصف نسیم راٹھور کی میزبانی میں ہونے والی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی ۔تقریب کاآغاز پیپلز پارٹی برطانیہ مذہبی امور کے صدر قاری محمد عباس کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ اس موقع پر ناز شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں وہ ایشیا میں بھی خواتین رہنما کے طور پر پاکستان کی پہچان تھیں، بینظیر بھٹو شہید ترقی کا مجسم نمونہ اور بہادر خاتون تھی انہوں نے پاکستان میں رواداری کےفروغ، شہری آزادیوں کے تحفظ ،جمہوریت کیلئے انتھک جدوجہدکی، وہ سب کے لیے مساوی مواقع پر یقین رکھتی تھیں بے نظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ان کا ویژن پوری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ آزادکشمیر کے سابق وزیر راجہ شوکت خالق نے کہا کہ بی بی شہید آخری سانس تک ظلم کیخلاف لڑتی رہیں شہید بینظیر بھٹو کے نظریات اور ان کی تعلیمات ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر رہنما سردار عبدالرحمن خان نے بے نظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دُنیا میں پاکستان کی پہچان اور قابل رشک ،انتہائی ذہین اور مدبر خاتون تھیں۔ پوری دنیا ان کی شخصیت کی گرویدہ تھی۔تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید دلیر خاتون تھیں، کشمیر کے معاملے میں انہوں نے ہمیشہ کشمیریوں کے موقف کی ہر فورم پر تائید کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر فوجی ڈکٹیٹر جنرل ضیاء الحق کی آمریت سے لے کر ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی بدترین آمریت تک عوام کے حقوق کیلئے نبرد آزما رہیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی برطانیہ مذہبی امور کے صدر قاری محمد عباس ، سید اظہر حسین شاہ ، پیپلز پارٹی برطانیہ کے نائب صدر راجہ اے ڈی خان ، پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے نائب صدر ماموں عبدالقیوم ،پیپلز پارٹی لیڈز کے صدر چوہدری یعقوب ، پیپلز پارٹی برطانیہ کے نائب صدر چوہدری عبدالقیوم ، بلال درانی ، چوہدری محمد نذیر ، محمد سلیم ، لالہ علی اکبر ،زاہد حمید ،ملک محمد افضل ، نوید بٹ ، انجم میر اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے شہید قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی غریب عوام اور جمہوریت کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء نے آخر میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور بی بی شہید سمیت پارٹی کے تمام شُہداء و جانثاروں کیلئے مغفرت اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔