ناسا کی’’ مصنوعی ستارہ‘‘ خلا میں بھیجنے کی تیاریاں

June 23, 2024

واشنگٹن( نیوز ڈیسک)امریکی خلائی ادارہ ناسا متعدد یونیورسٹی اور اداروں کے اشتراک سے ایک مصنوعی ستارہ خلاء میں لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔جوتے کے ڈبے کے برابر لینڈولٹ نامی یہ اسپیس مشن 2029میں زمین سے 35ہزار 785کلومیٹر فاصلے پر بھیجا جائے گا جو زمین کے گرد گھومے گا۔آٹھ لیزر کا حامل یہ مصنوعی ستارہ محدود مقدار میں شعاعیں خارج کرے گا جس کی چمک کا موازنہ سائنس دان اصلی ستاروں کی چمک سے کریں گے اور خلائی اجرام کی چمک کے متعلق مزید بہتر کیٹلاگ تشکیل دیں گے۔یہ کیٹلاگ زمین پر موجود ٹیلی اسکوپ کی کارکردگی کو ستاروں کی روشنی کی پیمائش، ہماری کہکشاں اور اس سے باہر موجود اجرام، ستاروں کی ارتقاء، ڈارک انرجی، کائنات کے پھیلاؤ اور زندگی کے اثرات رکھنے والے ایگزو پلینٹ کا فہم بہتر بنانے میں مدد دے سکے گا۔1کروڑ 95لاکھ ڈالر مالیت کے اس مصنوعی ستارے کا سائز ایک جوتے کے ڈبے کے برابر ہے اور اس کو ٹیلی اسکوپ سے آسانی کے ساتھ دیکھا جا سکے گا۔ مشن کے متعلق یہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ممکنہ طور پر علم فلکیات پر واضح اثرات ڈالے گا۔مشن کا گراؤنڈ سینٹر امریکی ریاست ورجینیا میں قائم جورج میسن یونیورسٹی میں بنایا جائے گا۔